جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم ( اٹلی)کا مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر اجلاس، اطالوی تنظیموں کا مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

110
Jammu and Kashmir Democratic Forum
Jammu and Kashmir Democratic Forum

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم (جے کے ڈی ایف) اٹلی چیپٹر نے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے اجلاس کا انعقاد کیا۔ اطالوی انسانی حقوق کی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مسلسل آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم اٹلی کے صدر عتیق زبیر جرال اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں اطالوی انسانی حقوق کی محافظ لورا رافیلی، سردار مان سنگھ، اسپورٹس کلب بریشیا کے صدر محسن وڑائچ اور چوہدری تنویر ساہی سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لورا رافیلی نےبھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت اور ان کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے کی مسلسل ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پرجنسی تشدد کی تشویشناک رپورٹس پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات انتہائی پریشان کن ہیں۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے اور بھارتی فوجیوں کو جنسی تشدد میں ملوث ہونے پر جوابدہ ٹھہرائے اور کشمیری خواتین کو فوری انصاف فراہم کرے۔

عتیق زبیر جرال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک کشمیری عوام اپنے بنیادی اور ناقابل تنسیخ حقوق حاصل نہیں کر لیتے ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کی توجہ بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت ہی حقیقی جدوجہد ہے جو کشمیری عوام کی مکمل آزادی تک جاری رہے گی۔

اجلاس کے دیگر مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض زبانی حمایت سے آگے بڑھے اور کشمیری عوام کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں کلیدی کردار ادا کریں۔