اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 ملکی معیشت کے استحکام کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی،حکومت کا نیا ٹیرف فریم ورک سرمایہ کاری ، برآمدات اور روزگار میں اضافے کا باعث بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ملک بھر کے چیمبرز اور کونسلز کے نمائندوں اور کاروباری افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
اپنے خطاب میں جام کمال خان نے کہا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی سے درآمدی محصولات میں بہتری اور ملکی مصنوعات کی مسابقت بڑھے گی۔ شفاف اور ٹیرف کا مستحکم نظام غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انفرا سٹرکچر مسائل، توانائی کا بحران اور بلند شرح سود معیشت کی ترقی میں رکاوٹ ہیں تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی پالیسی کی کامیابی نجی اور سرکاری شعبے کے باہمی تعاون پر منحصر ہے، حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے تحت بجٹ سازی کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے۔ جام کمال نے کہا کہ مہنگائی اورشرح سود میں کمی اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ معیشت کے استحکام کی علامت ہیں ۔پائیدار ترقی کے لئے شفاف ٹیرف پالیسی، دانشمندانہ مالیاتی پالیسیاں اور عملی حل ضروری ہیں۔