ترجمان دفترخارجہ کا قائم مقام قونصل جنرل برمنگھم کامران ملک کی وفات پر اظہار تعزیت

88
death of Kamran Malik
death of Kamran Malik

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):قائم مقام قونصل جنرل برمنگھم کامران ملک کینسر کےباعث دار فانی سے کوچ کرگئےدفترخارجہ کی طرف سےا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ پیرکو ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارےانتہائی قریبی ساتھی قائم مقام قونصل جنرل برمنگھم کامران ملک کینسر سے لڑتے ہوئے 16 فروری کوخالق حقیقی سے جا ملے ہیں ۔

ترجمان نے کہا کہ کامران ملک نے اپنے پورے کیریئر میں غیر متزلزل لگن ،بھرپور محنت اور امتیاز کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ، ان کی سفارتی صلاحیت ، شفقت اور فرائض کی ادائیگی کے عزم نے ان کے ساتھیوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ انہوں نے مشکلات کے باوجود اپنے فرائض کی انجام دہی میں لچک اور خندہ پیشانی کے مظاہرہ سے اپنے ساتھیوں کو یکساں طور پر متاثر کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں کامران ملک کے اہل خانہ ، دوستوں اور عزیزوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ کامران ملک کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔