اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پیر کو مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے ملاقات کی جن میں دانشور، قبائلی عمائدین، سوشل سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، وکلا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے،ملاقات میں عوامی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے حکومت پُرعزم ہے اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر جامع اور دیرپا پالیسیوں کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بھرپور محنت کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور ملک کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
سیدال خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔ملاقات کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی قیادت اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔
سیدال خان نے کہا کہ حکومت ملک میں تجارت کے فروغ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ ملکی بین الاقوامی سطح پر بھی موثر حکمت عملی اختیار کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی ،سرمایہ کاری میں اضافہ اور بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں ایا ہے۔ انہوں نے ملک کی خوشحالی اور عوام کی فلاح بہبود کے لیے اٹھایا جانے والے اقدامات بارے تفصیلی اگاہ کیا ۔