یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام پہلے یونیورسٹی ایلومینائی گالا ڈنر کا انعقاد

96
یونیورسٹی آف سرگودھا اور آذربائیجان کا مختلف تعلیمی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ

سرگودھا۔ 17 فروری (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام پہلے یونیورسٹی ایلومینائی گالا ڈنر 2025 کا انعقاد کیا گیا۔ ادارے کے قیام سے اب تک 96 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایلومینائی گالا کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں سابق طالبعلموں نے بھرپور شرکت کی۔ایلومینائی گالا ڈنر میں ملک کی نامور شخصیات و سابق طالب علموں بشمول معروف صحافی و اینکر سہیل وڑائچ، حبیب اکرم، سابق سیکرٹری ایجوکیشن سلیم رانجھا، معروف سیاسی و سماجی رہنمامیاں سبحان یامین، سیکرٹری جم خانہ عثمان وڑائچ، معروف تاجر اور صدر چیمبر آف کامرس خواجہ یاسر قیوم، ماہر تعلیم عرفان اکبر چوہدری، معروف تاجر عبداللہ ممتاز، ساجد تارڑ، شعیب احمد بسراء، یونیورسٹی رجسٹرار وقار احمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، چیئرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، سٹیشن مینجر اے پی پی سرگودھا مخدوم شاہ لطیف سمیت یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اساتذہ، طالب علم، ادارے کے افسران اور جملہ ملازمین نےکثیر تعدادمیں شرکت کی۔

ادارےسے فارغ التحصیل طالبعلموں کا یونیورسٹی آمدپر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے استقبال کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی ایلومینائی گالا2025سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی نے اس وقت جو علمی و تحقیقی پروگرام اورپراجیکٹس شروع کئے ہیں وہ مارکیٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کئے ہیں اور ہم جو بھی تعلیمی پروگرام شروع کررہے ہیں اس کا براہ راست تعلق انڈسٹری کے ساتھ ہے جس سے معاشی و معاشرتی طور پر ترقی کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔

بدلتی ہوئی دنیا میں اس وقت یونیورسٹی آف سرگودھا نے جن پراجیکٹس کا گزشتہ دو سال سے آغاز کیا ہے اس سے ہمارے طالب علم اور اساتذہ استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے بتایاکہ سرگودھا یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرچکی ہے اور ٹیچنگ میں پورے ملک میں دوسرے اور پنجاب میں پہلے نمبر پر ہےجو ہمارے قابل محنتی اورغیرمعمولی صلاحیتوں کےحامل اساتذہ کی بدولت ممکن ہوا۔

وائس چانسلرنے اپنے ہم منصب سربراہان کو بتایا کہ ان کے نزدیک طالب علم سب سے اہم ہے جن کے ہاتھوں میں اقوام کی ترقی مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری یونیورسٹی کو سولر پر منتقل کردیا گیا ہے جس سے توانائی کی بچت ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں جن کو نکھارنے کے لئے ہم نے یونیورسٹی میں انکیوبیشن سنٹر بنایا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نےمہمانان گرامی کو بتایا کہ ہمارے پاس اس وقت ساڑھے چار لاکھ سے زائد سابق طالب علم ہیں جن میں سے 20ہزار سے زائد ایلومینائی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جو ادارے کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

ہم نے اساتذہ اور طالب علموں کی فلاح اور بہتری کے لئے ایک جدید تقاضوں سے ہم آہنگ جم اور بہترین سہولیات سے مزین دو بڑے کیفے ٹیریاز بنا دئیے ہیں۔ وائس چانسلر نےیونیورسٹی کے سابقہ طالب علموں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے ہم نے ایک ایلومینائی ہال قائم کردیا ہے نیز ایلومینائی ایسوسی ایشن کے انتخابات بھی جلد کروائے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ہم نے یونیورسٹی کی ایک ہسٹری وال بنادی ہے جس میں ادارے کے تمام سربراہان، پوزیشن ہولڈرز اور نامور سابق طالب علموں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

ایلومینائی گالا 2025سے خطاب کرتے ہوئے معروف صحافی و اینکر سہیل وڑائچ نے کہا کہ ادارے میں گزرا ہوا ایک ایک لمحہ آج بھی ان کی آنکھوں کے سامنے ہے اور اس ادارے نےانہیں جو پہچان دی وہ وہ کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اپنے کلیدی خطاب میں جن اصلاحی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ہے وہ نہ صرف غیرمعمولی ہیں بلکہ 21 ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج سرگودھا سے یونیورسٹی آف سرگودھا میں تبدیل ہونے والے اس ادارے نے اپنے آپ کو بہت منوایا ہے اور اس وقت وائس چانسلر اور ان کی ٹیم جو معیاری کام کررہے ہیں اس کی تقلید باقی جامعات کو بھی کرنی چاہیے۔

صحافی و اینکر حبیب اکرم نے اپنے خطاب میں ادارے میں بیتےہوئے لمحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی تعلیمی اُفق پر ایک روشن ستارہ ہے۔ صدر چیمبر آف کامرس خواجہ یاسر قیوم نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی اس خطے کا سب سے بڑا ادارہ ہے جو علاقے کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو اڑھائی سال میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں ادارے نے مثالی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر نے تعلیم و تحقیق کے ساتھ یونیورسٹی میں جو تعمیرات کیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔

ایلومینائی گالا 2025سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے کہا کہ یونیورسٹی کی 96 سالہ تاریخ میں یہ پہلی بار ہو اہے کہ سابق طالب علم ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں اور اب تک غیر معمولی تعداد میں ایلومینائی رجسٹرڈ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے تمام مہمانوں اور سابقہ طالب علموں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیورسٹی ہر سال ایلومینائی گالا کا اہتمام کرتی رہے گی اور اپنے سابقہ طالب علموں کو مدعو کرتی رہے گی۔