مظفرگڑھ۔ 17 فروری (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن و ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ کی نئی بس کا افتتاح کیا ۔طلباء نے سپورٹس گالا کی تقریب میں اضافی بس کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا جس پر اجمل خان چانڈیہ نے دو دن میں بس مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
اجمل خان چانڈیہ نے بس خود چلائی، طلباء کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، طلباء نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلباء کی پڑھائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہونہار سکالر شپ، لیپ ٹاپ سکیم اور ای بائیکس سکیم متعارف کرائیں، میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن فرخ نوید کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری درخواست پر مظفرگڑھ کالج کو اضافی بس فوری طور پر مہیا کرائی، مظفرگڑھ کالجز کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے قائل کرنے پر ایک ادارہ یو لرن نے مظفرگڑھ میں ایم ڈی کیٹ کی ڈیجیٹل کلاسز کا بلا معاوضہ اجراء کیا جس سے مظفرگڑھ کے طلباء کو ٹیسٹ کی معیاری تعلیم اپنے ہی ضلع میں میسر آئی۔