لاہور۔17فروری (اے پی پی):صوبائی وزرا ءخواجہ عمران نذیر اور فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب بگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کا افتتاح کر دیا۔ ترجمان کے مطابق صوبائی وزرا ءخواجہ عمران نذیر اور فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب بگ کیچ اپ ویکسینیشن پلا کر مہم کا باقاعدہ آغازکرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو ضرور ویکسین لگوائیں، مریم نواز سپیشل کلینکس اور کلینک آ ن ویلز پر ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ صوبہ بھر میں 17فروری سے 15مارچ تک بگ کیچ اپ مہم جاری رہے گی ۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بگ کیچ اپ مہم کے تحت پانچ سال تک کے تمام بچوں کو بارہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے، وزیر اعلیٰ سپیشل کلینکس اور کلینک آن ویلز پر ضروری ویکسین اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے، صرف 2019سے 2022کے درمیان کوئی خوراک نہ لینے والے اور نا مکمل کورس والے بچوں کی تعداد 10لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی،
عالمی ادارہ صحت کے معاونت سے ایک نظر ثانی شدہ شیڈول تیار کیا ہے جس میں پانچ سال تک کے بچوں کو ضروری ویکسین فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بگ کیچ اپ سرگرمی میں 5244 ویکسی نیٹرز، 5244ٹیم اسسٹنٹ اور 10488سوشل موبلائزرز شامل ہیں ، پنجاب بھر میں سی ای او ہیلتھ ، ڈی ایچ او، ڈی ڈی ایچ او، آی پی ئی فوکل پرسنز، ڈی ایس وی اور اے ایس وی اس مہم کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے تعاون فراہم کرنے پر عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کا شکریہ ادا کیا۔