سی این جی سیکٹر میں ریگولیٹری فریم ورک اور حفاظتی اقدامات کے حوالہ سے سیمینار

84
سی این جی سیکٹر میں ریگولیٹری فریم ورک اور حفاظتی اقدامات کے حوالہ سے سیمینار

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سی این جی سیکٹر میں ریگولیٹری فریم ورک اور حفاظتی اقدامات کی اہمیت کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔سیمینار میں سینئر حکومتی عہدیداران، ڈی جی گیس، چیف انجینئر ایچ ڈی آئی پی اور آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

پیر کوترجمان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کی صدارت چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کی جن کے ہمراہ ممبر آئل اینڈفنانس بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں مسرور خان نے سی این جی سیکٹر میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ابتدئی مرحلہ میں سی این جی سیکٹر کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا لیکن اب اس شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

دیگر مقررین میں ڈی جی گیس، ممبر(آئل) اوگرا، چیف انجینئر ایچ ڈی آئی پی اور سی این جی سیکٹر کے نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار کا بنیادی مقصد متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے مابین آگاہی پیدا کرنا تھا تاکہ سی این جی سٹیشنز اور سی این جی گاڑیوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔