سی پی او کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ،آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا

86
سی پی او کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ،آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔18فروری (اے پی پی):سی پی او سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی راول، ضلعی انتظامیہ کے افسران، ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر سینئر افسران بھی تھے۔ سی پی او نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایات دیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے لیے مربوط پلان مرتب کیا گیا ہے اور راولپنڈی پولیس کے پانچ ہزار سے زائد افسران ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آٹھ انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا کامیابی سے انعقاد ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور اطراف کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، رینجرز اور دیگر اداروں کے تعاون سے امن وامان کی بہترین فضا کو قائم رکھا جائے گا۔ سی پی او نے مزید کہا کہ میچوں کے دوران کرکٹ شائقین اور فیملیز کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی (کل) بروز بدھ سے شروع ہو گی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 24 فروری کو نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش، دوسرا میچ 25 فروری کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جبکہ تیسرا میچ 27 فروری کو دفاعی چیمپئن پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جائے گا۔