لاہور۔18فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرصدارت محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں شاہرائوں، فلائی اوور اور انڈر پاسز کے کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے اجلاس میں بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ قائد اعظم انٹرچینج تا واہگہ بارڈر13 کلومیٹر روڈ اورللہ جہلم124 کلومیٹر شاہراہ کے5 سیکشنز پر کام جاری ہے، راولپنڈی میں خواجہ کارپوریشن چوک اور جی پی او چوک انڈر پاسز پر پائل کیپ،آر سی سی وال کا کام جاری ہے جبکہ شجاع آباد فلائی اوور کا کام 83 فی صد ہو گیا،مکمل منصوبہ20 جون کو مکمل ہوگا۔
بہاولنگر،سیلمانکی75 کلومیٹر شاہراہ کے توسیعی منصوبہ کے مختلف سیکشنز پر ڈسمینٹلنگ،ارتھ ورک، بیس،کارپٹ کا کام جاری ہے اور اوکاڑہ سید والہ30 کلومیٹر، اوکاڑہ مالی پٹھان30 کلومیٹر،اقبال نگر تا بورے والہ30 کلومیٹر شاہراہوں پر دن رات کام جاری ہے۔ صوبائی وزیرملک صہیب بھرتھ نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نارووال میں2 شاہراہوں کا افتتاح ہوگا اور2 کی گراونڈ بریکنگ ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر کو بہتر کررہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں،بیانات کی سیاست نہیں،حقیقی عوامی خدمت کی سیاست کر رہے ہیں۔جو منصوبہ بھی شروع کر رہے ہیں اس کو مقررہ ٹائم پر مکمل کر رہے ہیں۔