محمود خان اچکزئی کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے، 8 فروری کے انتخابات غلط تھے تو ثبوت پیش کریں، طارق فضل چوہدری

102

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):اسلام آباد، رکن قومی اسمبلی اور چیف وہپ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے، 8 فروری کے انتخابات غلط تھے تو ایوان میں ثبوت پیش کریں۔ منگل کو محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل پر مبنی بیان میں انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزامات کی سیاست کب تک چلے گی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، آج معاشی اشاریے حکومت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی باتوں میں نہ آئیں، اگر وہ مکر گئے تو آپ کی ساری عمر کی ساکھ خراب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے دماغ میں تضادات کی آندھی چلی ہوئی ہے، کسی ایک بات پر ایک جگہ کھڑے ہوں تو آپ کو استحکام نظر آئے گا، آج آپ جس کی حمایت کر رہے ہیں اس نے اپنے دور میں آپ کو بھی نہیں بخشا۔

اب سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی پر یہ وقت آ چکا ہے کہ وہ مفاہمت کے لئے آپ کے ساتھ ہے لیکن اخلاقی طور پر اپنے سابقہ رویے پر اس نے کوئی معذرت تک نہیں کی۔ عوام ترقی، خوشحالی اور ملک کو معاشی استحکام دینے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔