
اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور افریقی ممالک دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں افریقی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جنوبی افریقہ، تیونس، کینیا، الجزائر، مصر، صومالیہ، سوڈان، مراکش، نائیجیریا ، ماریشیس اور لیبیا کے سفیر اور ہائی کمشنر شریک تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے افریقی یونین کے قیام کی 54 ویں سالگرہ پر سفیروں کو مبارک باد بھی دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب اﷲ تعالیٰ کے فضل سے اس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک اس سلسلے میں پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے افریقی ممالک کو دفاع اور خارجہ امور سمیت مختلف شعبوں میں افسروں کی تربیت کی پیشکش بھی کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں افریقہ کی خاص اہمیت ہے۔