جامعہ زرعیہ میں لائلپور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے دوسرے روز گڑ میلہ اور قصہ پرفارمنگ آرٹ کے مقابلہ جات کا انعقاد

106

فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں لائلپور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے دوسرے روز گڑ میلہ اور قصہ پرفارمنگ آرٹ کے مقابلہ جات منعقد کئے گئے۔ گڑ میلے میں دیہی ثقافت اور ہماری سنہری روایات کے رنگوں کی عکاسی کی گئی۔

گڑ میلے کا افتتاح زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کیا۔ اس موقع پر سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر، ڈاکٹر ندیم اکبر، ڈاکٹر ندیم عباس، ڈاکٹر عمیرگل، ڈاکٹر محمد طیب و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

روایتی لباس میں ملبوس طلبانے مٹھائی، ساگ، مکئی کی روٹی، لسی اور دیہی کھانوں کے مختلف سٹالز لگائے جبکہ شائقین نے ان لمحات سے محظوظ ہونے کیلئے یونیورسٹی کا رخ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ جو قومیں اپنی ثقافت کو نظر انداز کر دیتی ہیں وہ دنیا کے نقشے سے مٹ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو روایات سے جوڑنے کیلئے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی فضا ادب و فن کی رعنائیوں سے معطر کی گئی ہے تاکہ نوجوان نسل کو ہمارے قیمتی ورثے سے منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خداداد صلاحیتوں کو بھی نکھارا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ادب و فن کی حامل سوچ دنیا میں ہونے والی تبدیلی، ثقافت اور معاشرتی مسائل سے پردہ اٹھاتے ہوئے تخیل کو نیا زاویہ نظرمہیا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادبی لوگ معاشرتی و معاشی تاریکیوں کو افراد کے سامنے قابل قدر انداز سے پیش کرتے ہیں کہ تنزلی کے اندھیروں کو ترقی کے اجالوں میں تبدیل کرنے کی تحریک پیدا کی جا سکے۔

فیسٹیول کے زیراہتمام بدھ کوروٹری یوتھ لیڈرشپ ایوارڈ، ایگری میڈیا فیسٹ، کریکٹر پورٹریل مقابلہ جات اور صوفی نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ فیسٹیول کے آخری روزآج جمعرات 20فروری کو ایگری میڈیا فیسٹ اور ریڈیو بز کا انعقاد کیا جائے گا۔