لاہور۔19فروری (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایت پرلاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں مقدمات کی بذریعہ ویڈیو لنک سماعت کا آغاز کر دیا گیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعہ عدالتی نظا م کے مجموعی کام کو بہتر بنانے اور بروقت انصاف کی یقینی فراہمی کے اس تاریخی اقدام سے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے وکلا اور سائلین سینکڑوں کلومیٹر کی مسافت کے بجائے ویڈیو لنک سماعت کے ذریعہ اپنے کیسز کی پیروی کر سکیں گے۔لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ میں جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس محمد طارق ندیم نے بذریعہ ویڈیو لنک ضلع رحیم یار خان کے زیر التوا مقدمات اخلاق احمد بنام سرکار، محمد افضال بنام سرکار، محمد مزمل بنام سرکار، شفیق احمد بنام سرکار اور فرحان بنام سرکار کی سماعت کی۔
ویڈیو لنک سماعت سے بہاولنگر اور رحیم یا رخان اضلاع سے سفری اور موسمیاتی دشواریوں کے باجود سینکڑوں کلومیٹرکا سفر طے کرکے بہاولپور بنچ آنیوالے وکلا اور سائلین نہ صرف مستفید ہونگے بلکہ سائلین کو دہلیز پربروقت انصاف کی فراہمی میسر ہوگی۔وکلا اور سائلین نے ویڈیو لنک کے ذریعہ سماعت کے اقدام کو تاریخی اور اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ علاہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایت پر لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں مصدقہ نقول کے حصول کیلئے ایس ایم ایس الرٹ کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ایس ایم ایس الرٹ سروس کے اجرا سے وکلا اور سائلین کو عدالتی احکامات اور مقدمات کی مصدقہ نقول کے حصول کی اطلاع فراہم کی جائیگی۔