اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):قومی احتساب بیورو(نیب)اور نجی شعبے کے مختلف تعلیمی و طبی اداروں کے مابین مفاہمت کے 6 معاہدوں پر نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد دستخط کئے گئے۔چیئرمین نیب کے وژن کے تحت نیب کے مختلف اداروں سے مزید باہمی معاہدے زیر تکمیل ہیں جن کا مقصد باہمی تعاون سے کارکردگی اور خدمات کا معیار بہتر بنانا اور نیب کے ملازمین کے لئے سہولیات اور آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
قائم مقام چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل اکاونٹیبلیٹی سیداحتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرل نیب ہیڈ کوارٹرز فرمان اللہ ،چیئرمین نیب کے مشیر ظفر اقبال کی موجودگی میں ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹرز محمد عمران بٹ اور معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے سی ای او شعیب احمد خان، علی میڈیکل سینٹر کے سی ای او ڈاکٹر بلال ارشد بٹ، قمر جہاں ڈائیگنوسٹکس کے سی ای او زبیر ناصر، عامر نیئر ،ڈینٹل کے چیف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر عامر کیو خواجہ، ایس جے ڈینٹل اینڈ سکن کی سی ای او ڈاکٹر انعم جاوید چیمہ، ڈی واٹسن کیمسٹ کے سی ای او ظفر بختاوری کی طرف سے مفاہمت کے سمجھوتہ پر دستخط کئے گئے۔ نیب کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جمعرات کو نیب سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین نیب سہیل ناصر نے اس موقع ان تمام اداروں کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ مفاہمت کے سمجھوتہ کے تحت یہ ادارے نیب ملازمین کے لئے اپنی خدمات با رعایت فراہم کریں گے جس کی وجہ سے ملازمین کو تعلیمی و طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر ضروریات زندگی کے حصول میں ریلیف حاصل ہوگا اور اس طرح ملازمین اپنے فرائض منصبی ذہنی آسودگی اور دلجمعی کے ساتھ سرانجام دیتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں گے ۔
اس سہولت سے نیب کے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہلخانہ بھی مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ معاہدوں کے تحت نیب ملازمین صحت کے شعبے میں متعلقہ ا داروں کے رعایتی پیکیج سے استفادہ کر سکیں گے اور ایسے مزید معاہدے بھی زیر غور ہیں۔ قائم مقام چیئرمین نیب سہیل ناصر نے کہا کہ چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب کا ادارہ بدعنوانی پر قابو پانے اور عوام الناس کو اس سلسلے میں درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لئے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ۔