وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس ، ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت

205
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس ، ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے ،اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان میں صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے موبائل اسپتالوں کے اجراء اور ملک میں جعلی ادویات کے خلاف صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون و مشاورت سے آپریشن کی ہدایات دی ہیں۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ و متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ جعلسازوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون سے دوا سازی شعبے کی ترقی اور بہتر ریگولیشن کیلئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈریپ میں دوا سازی کے شعبے میں جعلسازی کو سہولت کاری فراہم کرنے والے افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائے،دوا سازی کے شعبے میں تحقیق سے دوائوں کی برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں اچھی شہرت کے حامل متعلقہ تجربہ کار ماہرین کی میرٹ پر تعیناتی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نےیہ بھی ہدایت کی کہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو موثر و مضبوط بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو صحت و دوا سازی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں بنائی جانے والی ادویات کی ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹریشن کا نظام نفاذ کے حتمی مراحل میں ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی ادویات پالیسی پر مشاورت جاری ہے جسے جلد منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔اجلاس کو ادویات کی جانچ کیلئے 94 نئے ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی اور موجودہ 25 ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم نے نئے ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سے ادویات کی موجودہ برآمدات کا حجم 500 ملین ڈالر ہے جبکہ وزارت صحت اصلاحات بشمول تحقیق کی سہولیات کی فراہمی سے برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ادویات کی برآمدات میں اضافے کیلئے ڈریپ میں ایکسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی حتمی مراحل میں ہے۔وزیر اعظم کو جراحی کے آلات کی برآمدات کے مزید فروغ کیلئے شعبے کی استعداد میں اضافے اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی کیلئے وزارت صحت کی جانب سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔