پشاور۔ 22 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر قانون،انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے پارٹی کے سینئر رہنما حاجی عابد الرحمن آفریدی اور دیگر کے ہمراہ کوہاٹ کے تحصیل درہ آدم خیل کے علاقہ سنی خیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر 2 سنی خیل کی عمارت کی تعمیرنو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مذکورہ عمارت کو 25.581 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔
سکول کی عمارت کو گزشتہ دہشت گردی کی لہر میں سخت نقصان پہنچا تھا جس کی وجہ سے اسے دوبارہ تعمیرکرنا پڑا۔ اب اس پر تیزی سے کام جاری ہے اور انشاء اللہ اسے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔وزیر قانون نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جاری کام میں فنڈز کی کمی آڑے نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور چاہتی ہے کہ قوم کا ہربچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو اور وہ ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔