باغ۔25فروری (اے پی پی):آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ بچوں کو سائنسی اوردینی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدیدچیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید علوم کا حصول لازمی ہے ورنہ ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔جدت کے دور میں ٹیکنالوجی پر فوکس کرنا ہو گا۔
قرآن کی ترجمے کے ساتھ تعلیم حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ قرآن کو پڑھنا اور سمجھ کر عمل کرنا قرآن کے حقوق ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت فلسطین اور کشمیریوں کو آزادی کی نعمت سے نہیں روک سکتی،کشمیری اور فلسطینی نہتے عوام نے طاقتور ملکوں کا مقابلہ کر کے ثابت کردیا کہ یہ آزادی کے بغیر کوئی آپشن قبول نہیں کریں گے، نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو مثبت کاموں میں صرف کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے لیے سوشل میڈیا پر بھارتی عزائم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال سکول وکالج باغ کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت مولانا امین الحق فاروقی نے کی۔ تقریب میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو شیلڈز اور میڈلز دئیے گئے۔
وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے بچوں کو تعریفی اسناد دیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سلطان علی طاہر، پرنسپل ادارہ عاشق حسین،وائس پرنسپل سیف اللہ شوکت،راجہ سرفراز،مولانا مقصود توحیدی،سردار صیاخان کونسلر،مولانا لقمان،ملک سرفراز،محمد یاسر،قاری گلزار،مولانا سرور نقشبندی،مولانا یاسر،عبداللہ،ودیگر نے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت مولانا پیر محمدمظہرسعید شاہ نے کہا کہ حکومت لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دنیاوی ودینی تعلیم کے میدان میں بھی مثبت تبدیلیاں لانے کیلئے کام کررہی ہے۔
حکومت ایسے اداروں کی بھرپور معاونت کرے گی جو دینی تعلیم پرخصوصی فوکس کررہے ہیں۔ سکول کے وائس پرنسپل سیف اللہ شوکت نے وزیراطلاعات کا تقریب آمد پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ دور جدید کے عین مطابق بچوں کو تعلیم وتربیت دے سکیں،جس کے لیے ہمارا سٹاف ہمہ وقت کوشاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566102