سب ڈویژن ہٹیاں بالا سے جانور گائے، بھینس،بیل،بکریاں دیگر اضلاع لے جانے پر دفعہ 144 نافذ

124

جہلم ویلی۔26فروری (اے پی پی):سب ڈویژن مجسٹریٹ ہٹیاں بالا نے سب ڈویژن ہٹیاں بالا سے جانور گائے، بھینس،بیل،بکریاں دیگر اضلاع لے جانے پر دفعہ 144 نافذ کر دیا ۔ مشاہدہ میں آیا ہے کہ سب ڈویژن ہٹیاں بالا سے جانور گائے بھینس بیل بکریاں وغیرہ فروخت کرنے یا دیگر مقاصد کے لیے بیرون اضلاع منتقل کیے جا رہے جس کے باعث سب ڈویژن ہذا میں گوشت اور دودھ کی قلت پیدا ہو رہی ہے دودھ اور گوشت کی عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قصاب بیرون اضلاع سے جانور لاتے ہیں جس سے گوشت کی پیداواری قیمت بڑھ جاتی ہے

عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ دودھ اور گوشت کی قیمت کو اعتدال میں رکھنے کے لیے سب ڈویژن ہذا سے جانور گائے بھینس بیل بکریوں وغیرہ بیرون اضلاع لے جانے پر پابندی عائد کی جانا ضروری ہے لہذا میں کامران خان سب ڈویژن مجسٹریٹ ہٹیاں بالا ان اختیارات کی رو سے جو راقم کو ضابطہ فوجداری دفعہ 144 کے تحت حاصل ہے کو بروئے کار لاتے ہوئے حدود سب ڈویژن ہٹیاں بالا سے جانوروں کو دیگر بیرون اضلاع لے جانے پر مکمل پابندی عائد کرتا ہوں آئندہ کوئی بھی شخص نہ تو ایسا کرے گا اور نہ ہی ایسا کرنے کی کسی کو کوئی ترغیب دے گا حکم ہذا کی خلاف ورزی کرنے والے شخص اشخاص کے خلاف کاروائی دفعہ 188 اے بی سی عمل میں لائی جائے گی۔