لاہور۔26فروری (اے پی پی):وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،پرنسپل گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول سید عبدالواحد اور اساتذہ نے خوش آمدید کہا،
اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن شہر کا ایک تاریخی سکول ہے، آج سکول آمد سے بچپن کی یادیں تازہ ہوئی ہیں جو بہت خوشگوار احساس ہے، اس سکول کے بنچز پر بیٹھے ہمارے ہم عصر اور دیگر طلبا اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کام کر رہے ہیں۔
بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر گورنمنٹ سکولز کے امیج کو بہتر بنانے پر کام کیا جارہا ہے، ایک وقت تھا کی گورنمنٹ سکولز میں داخلہ انتہائی سخت میرٹ کی بنیاد پر ملتا تھا۔
طلبا سے گفتگو میں وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ حکومت کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کا نہ صرف معیار بہتر ہوگا بلکہ بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، آئی ٹی سیکٹر کی ترویج، لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ پروگرام طلبا کیلئے بھرپور چل رہا ہے، اساتذہ اور والدین کے ادب و احترام سے ہی کامیابی کا سفر شروع ہوتا ہے۔