ملتان۔ 27 فروری (اے پی پی):سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے افسران و اہلکاروں کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق جمعرات کے روز سی پی او نے یہاں پولیس لائنز میں ضلع ملتان کے افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کی۔ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان، ایس پی کینٹ کائنات اظہر، ایس پی گلگشت سیف اللہ گجر ، ایس پی سٹی ڈویژن حسن رضا کھاکھی،تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ریڈرز، محررز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
سی پی او نے ضلع ملتان میں کرائم کی موجودہ صورتحال وپولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اورشہر اولیاء میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ ماہ رمضان میں مساجد اور دیگر اہم مقامات کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے،شہر اولیاء میں جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی کی جائے،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لا کر موثر پٹرولنگ کی جائے،موٹر سائیکل و دیگر وہیکل چوری اور سوشل کرائم سمیت دیگر جرائم کو روکنے کے لیے ہر ممکن کارروائی عمل میں لائی جائے،کریمنل گینگز کے اراکین کو گرفتار کر کے مال مسروقہ کی100 فیصد برآمدگی یقینی بنائی جائے،ا شتہاری مجرمان، عدالتی مفروران، رہائی یافتہ عادی مجرمان، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دیں،زیر التواء چالان بروقت عدالت میں جمع کروائیں، زیر تفتیش مقدمات کو بروقت میرٹ پر یکسو کریں اور تمام افسران اپنے متعلقہ ریکارڈ کے بروقت آن لائن اندراج کو یقینی بنائیں۔سی پی او ملتان نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، مساجد و امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ بازاروں اور مارکیٹوں کی سیکیورٹی بھی بڑھائی جائے تاکہ شہریوں میں احساس تحفظ پیدا ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566973