لاہور۔28فروری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نوشہرہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔جمعہ کے روز جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اکوڑہ خٹک جامع مسجد میں بم دھماکا کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ،ان کا مقصد صرف ملک میں امن و امان کی فضا کو خراب کرنا ہے۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ حکومت ،سول و عسکری قیادت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک پیج پر ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتیں گے ،پوری قوم یکسو اور متحد ہے،بے گناہ لوگوں کا خون بہانا کہاں کی انسانیت ہے ،دنیا کا کوئی مذہب اس طرح کا قبیح عمل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ۔
انہوں نے کہا کہ بزدلانہ اورمذموم کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کرسکتیں، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیر اعلی مریم نواز نے شہدا کے بلند درجات اور زخمی نمازیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔