لاڑکانہ پولیس کا کریک ڈائون ، جرائم پیشہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا

94

لاڑکانہ ۔3مارچ (اے پی پی):ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری کی جانب سے جاری کردہ ہدایات و احکامات کے مطابق لاڑکانہ پولیس نے کرمنلز کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔مختلف علاقوں سے سات جرائم پیشہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا گیا ہے،گرفتار ملزمان سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث روپوش و مطلوب ہیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کاروائیوں کے دوران اسلحہ، لاکھوںروپے مالیت کی تین عدد چوری شدہ بھینسیں، موٹر سائیکل، دو عدد قیمتی موبائل فونز اور چرس برآمد کر لیا گیاہے۔

پولیس کے مطابق گیریلو پولیس نے بدنام زمانہ ملزم گلابی جتوئی کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ملزم کی نشاندہیوں پر دو عدد چوری شدہ بھینسیں او موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ہے، گرفتار ملزم چوریوں، ڈکیتیوں اور پولیس مقابلے جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث و روپوش ہے۔ رحمت پور پولیس نے ریلوے لائن والے علاقے سے مطلوب ملزم حسنین کرٹیو کو تین کلو 3000 گرام چرس سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

حیدری پولیس نے عاقل روڈ والے علاقے میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم صوبدار جتوئی کو پسٹل اور گولیوں سمیت گرفتار کرکے سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔مارکیٹ پولیس نے روپوش ملزم صدر الدین میتلو کو گرفتار کرلیا ہے۔ حیدری پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران ملزم منور عرف جنگو چانڈیو کو تقریباً آدھا کلو (450) گرام چرس سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ رشید وگن پولیس نے زردار بروہی لاڑو والے علاقے سے ملزم عرفان جتوئی کو آدھا کلو سے زائد (550) گرام چرس سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

سچل پولیس نے علی بہار مقام والے علاقے سے ملزم شوکت بروہی کو (450) گرام چرس سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔برآمد شدہ بھینسیں،موٹر سائیکل اور موبائل فونز اصل اونرزماجدعلی،عامر علی، غلام عباس اور کلیم اللہ سمیت دیگر کے حوالے کردی گئی ہیں۔گرفتار ملزمان سے تفتیش سمیت مزید قانونی و ضابطے کی کاروائیاں جاری ہیں۔