اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق و قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ہم خواتین کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
ایک منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرہ اسی وقت ممکن ہے جب خواتین کو مساوی حقوق و مواقع میسر ہوں، ان کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جائے، اور وہ ہر طرح کے امتیازی سلوک اور تشدد سے محفوظ رہیں۔ پاکستان خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے آئینی اور بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔
حکومت صنفی بنیاد پر تشدد، کام کی جگہ پر ہراسانی اور کم عمری کی شادی جیسے سنگین مسائل کے خلاف قوانین کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی معاونت کے لیے ہیلپ لائنز، تحفظ مراکز اور شکایات ازالہ سیلز کو مزید فعال کر رہی ہے۔ وزارتِ انسانی حقوق شراکت دار اداروں کے تعاون سے کلیدی پالیسی اقدامات، آگاہی مہمات اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے وقار و خودمختاری کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
اس موقع پر ہم خواتین کی معاشرتی، معاشی اور قومی ترقی میں بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جائے جہاں ہر خاتون بلا خوف و امتیاز اپنے حقوق سے مستفید ہو سکے۔ آئیے ہم سب مل کر مساوات، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569728