اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان نے پاکستان ٹیلی ویژن کی کرکٹ ٹیم کو پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ 1 کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ 1 کا ٹائٹل جیتنا پی ٹی وی کے لئے ایک بڑا اعزاز اور قابل فخر لمحہ ہے۔
جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کی کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرافی جیتنا ایک خواب تھا جسے پی ٹی وی کرکٹ ٹیم نے حقیقت میں بدل دیا ہے۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات و ایم ڈی پی ٹی وی عنبرین جان نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ 1 کا ٹائٹل جیتنا پی ٹی وی کے لئے بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ٹی وی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ 1 کے فائنل میچ میں پی ٹی وی نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چوتھے روز پی ٹی وی نے 153 رنز کا ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ پہلی اننگز میں سٹیٹ بینک آف پاکستان 205 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے پانچ کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے ہیٹ ٹرک کی۔ پی ٹی وی نے پہلی اننگز میں 317 رنز بنا کر 112 رنز کی برتری حاصل کی۔
پی ٹی وی کے وقار حسین نے 106 رنز بنائے اور محمد شہزاد 125 پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ دوسری اننگز میں سٹیٹ بینک آف پاکستان 264 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ پی ٹی وی کے کپتان عماد بٹ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ روزہ نائٹ فائنل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پنک بال سے کھیلا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570211