لاہور۔8مارچ (اے پی پی):کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 10دہشتگردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا جبکہ خوشاب اور راولپنڈی سے ٹی ٹی پی کے دو انتہائی خطرناک دہشتگردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹنے کےلئے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 73کارروائیاں کیں جن میں 73مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 10دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کر لیا۔
گرفتار دہشت گردوں میں ریاض،شفیق ،رشید،ظہیر الدین،حفیظ،آصف اوروحید شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق فتنہ خوارج اور دیگر تنظیموں سے ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری راولپنڈی ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،خوشاب ،بہاولنگر،رحیم یار خان،راجن پور،جہلم اور بھکر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران عمل میں آئی جبکہ ان دہشتگردوں سے 2690گرام دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز 19، سیفٹی فیوز وائر 35 فٹ،ایک آئی ای ڈی بم ،کالعدم تنظیم کے پمفلٹ ، میگزین،موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دہشتگردوں نے لاہور اور دیگر شہروں میں اہم عمارتوں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف 10مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 758کومبنگ آپریشنز بھی کئے گئے جس کے تحت 30ہزار394افراد کو چیک کیا گیا، 107 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، 102ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 70بازیابیاں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشتگردوں و ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن پر کال کر کے دی جا سکتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570254