اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):برصغیر پاک و ہند کے عظیم لوک گلوکار پٹھانے خان کی برسی اتوار کو منائی گئی ۔پٹھانے خان 1926 کو کوٹ ادو کی بستی تمبو والی میں پیدا ہوئے اور ان کا نام غلام محمد تھا۔انہیں غزل، کافی، لوک گیتوں پر بے حد کمال حاصل تھا۔
صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکار پٹھانے خان نے کئی دہائیوں تک اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا اور خواجہ غلام فرید، بابا بلھے شاہ، مہر علی شاہ سمیت کئی شاعروں کے عارفانہ کلام کو گایا جس پر حکومت پاکستان کی جانب سے 1979میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پٹھانے خان 74سال کی عمر میں 9مارچ 2000میں انتقال کر گئے تھے۔
ان کی برسی کے موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں شوبز انڈسٹری اور گلوکار برادری کی جانب سے منعقدہ مختلف تقریبات میں پٹھانے خان کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔