اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزارت صحت سے کروڑوں شہریوں کی زندگیاں وابستہ ہیں ، ہمارے فیصلوں کے اثرات بلواسطہ اور بلا واسطہ عوام پر پڑتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔
وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وزارت آمد پر وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ندیم محبوب اور وزارت کے سینئر حکام نے وفاقی وزیر صحت کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر صحت کو صحت کے امور بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ ندیم محبوب ،سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
اجلاس میں پی ایم ڈی سی، ڈریپ، پاکستان نرسنگ کونسل ،پولیو اور ہسپتالوں کی ورکنگ بارے بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ کے بعد وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزارت صحت کے افسران و اہلکاروں سے گفتگوکرتےہوئے کہا کہ اللہ پاک کو اپنی مخلوق سے بہت پیار ہے۔خدا کی مخلوق کے کام آنا سب سے بڑی عبادت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت کی وزارت ایسا ادارہ ہے جس سے کروڑوں عوام کی زندگیاں وابستہ ہیں ۔ہمارے کئےجانے والے فیصلوں کے اثرات بلواسطہ اور بلا واسطہ عوام پر پڑتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے فیصلوں اور اقدامات سے عوام کی زندگی پر اچھے اثرات رونما ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570743