17.1 C
Islamabad
پیر, مارچ 10, 2025
ہومقومی خبریںنادرا کا 25واں یومِ تاسیس، پاکستان کے پہلے "ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی...

نادرا کا 25واں یومِ تاسیس، پاکستان کے پہلے "ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ” کا اجراء، یادگاری سکہ، خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی سلور جوبلی تقریب میں پاکستان کا پہلا "ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ”متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ۔یہ پیش رفت قومی شناختی نظام میں ایک انقلابی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

تقریب میں سٹیٹ بینک کا یادگاری سکہ، پاکستان پوسٹ کا خصوصی ڈاک ٹکٹ، 25 سالہ سفر پر مبنی کتاب کی رونمائی کی گئی، نادرا کے 25 سالہ کامیاب سفر پر صدر مملکت ،وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے خصوصی پیغامات جاری کیے ۔ پیر کو نادرا ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نادرا کے بانی چیئرمین میجر جنرل (ر) زاہد احسان مہمان خصوصی تھے ۔ چیئرمین ناددرا لیفٹیننٹ جنرل (ر) افسر منیر ،سپیشل سیکریٹری داخلہ، چیف سٹیٹسٹیشن (ادارہ شماریات)، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، نادرا کے سابق چیئرمینز، نادرا بورڈ کے سابق ممبران اور نادرا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اپنے تحریری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نادرا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنا رہا ہے اور عوامی خدمات میں نمایاں تبدیلی لا رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے نادرا پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو وسعت دے کر اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائے اور شفافیت، رسائی، اور شہری اطمینان کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھے۔وزیراعظم نے اپنے تحریری پیغام میں شناخت کے ذریعے شہریوں کو بااختیار بنانے میں نادرا کے مرکزی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا، پاکستان کے علاوہ نائجیریا اور کینیا میں بھی شناختی نظام مہیا کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا کی آبادی کے ایک بڑے حصے کو اس کے سسٹمز کی سہولت میسر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (AI) کے میدان میں نادرا کی کامیابیاں ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کریں گی۔

اپنے تحریری پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی نے پاکستان کے پہلے ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے اجراء کو ڈیجیٹل شناخت کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہپاک آئی ڈی موبائل ایپ میں اس فیچر کے اضافے کے بعد شہری اپنے شناختی کارڈ کو اسمارٹ فون میں محفوظ رکھ سکیں گے۔ڈیجیٹل تصدیقی نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، جس سے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ڈیجیٹل اکانومی کے پروجیکٹ کے تحت مختلف خدمات کے لیے محفوظ اور فوری تصدیق ممکن ہوگی۔اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ یومِ آزادی 2025 سے شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نادرا ملک کے دور دراز علاقوں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی شناختی خدمات فراہم کر رہا ہے اور قومی سلامتی کے شعبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت کر رہا ہے۔نادرا کی سلور جوبلی کی مناسبت سے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نادرا کی 25 سالہ خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکہ جاری کیا۔پاکستان پوسٹ نے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا۔

نادرا کے 25 سالہ سفر پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور ایک یادگاری کتاب کی رونمائی بھی کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔نادرا کے بانی چیئرمین، میجر جنرل (ر) زاہد احسان نے نادرا کے قیام اور اس کے ابتدائی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنے بنیادی وژن کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے مسلسل ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570756

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں