کراچی۔ 10 مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ کے کموڈور کامران احمد اور کموڈور کاشف منیر کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔جاری اعلامیہ کے مطابق ریئر ایڈمرل کامران احمد نے 1993 میں پاک بحریہ کی کنسٹرکشن برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے نیول آرکیٹیکچر میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔
اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن میں کمانڈنٹ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج، چیف نیول اوورسیئر (پاکستان) ہنگور پراجیکٹ، ڈپٹی جنرل منیجر (شپ ڈیزائن) کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس، مینیجر ہل انجینئرنگ پی این ڈاکیارڈ اور نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر نیول کنسٹرکشن اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (پراجیکٹس) شامل ہیں۔
ریئر ایڈمرل کاشف منیر نے 1993 میں پاک بحریہ کی میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،
جن میں کمانڈنٹ پی این ایس کارساز، میرین انجینئرنگ آفیسر سابق پی این ایس شاہجہان، مینیجر (میرین انجینئرنگ) پی این ڈاکیارڈ، ڈائریکٹر شپ مینٹیننس اینڈ ریپیئر نیول ہیڈکوارٹرز، چیف انسپکٹر آف نیول اسٹورز، چیف اسٹاف آفیسر ٹو کمانڈر لاجسٹکس اور نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (مینٹیننس) کے عہدے شامل ہیں۔دونوں افسران کو ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570854