اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر پارلیمانی قیادت بھی موجود تھی جس نے صوبے میں درپیش چیلنجز اور وفاق و صوبے کے درمیان تعاون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا میں پارٹی کی تنظیم سازی ، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور سیاسی ہم آہنگی پر زور دیاگیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی نظام کی مضبوطی کے لیے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ترقی کے لیے وفاق کا تعاون ناگزیر ہے۔ملاقات میں گورنر ہائوس میں کسان کنونشن ، بلدیاتی نمائندوں کے کنونشن ، پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے کنونشن کے انعقاد پر گورنر خیبرپختونخوا کے اقدامات کو سراہا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570878