لاہور۔11مارچ (اے پی پی):ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور و رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ترجمان واسا کے مطابق ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد کے ہمراہ واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور ایم ڈی واسا غفران احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں لاہور شہر کے نکاسی آب کے نظام اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں ملک سیف الملوک کھوکھر کو واسا لاہور کی ورکنگ، جاری ترقیاتی منصوبوں اور نکاسی آب کے جدید نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں ملک سیف الملوک کھوکھر نے واسا لاہور کے مون سون کنٹرول روم اور 1334 اسسٹنس اینڈ سپورٹ سنٹر کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ 1334 اسسٹنس اینڈ سپورٹ سنٹر شہریوں کی سہولت کے لیے بہترین اقدام ہے۔
انہوں نے واسا لاہور کی آئی ٹی اصلاحات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نکاسی آب کے مسائل کے حل میں مزید بہتری آئے گی۔