ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان اور والڈ سٹی کے درمیان بارش کے پانی کے موثرانتظام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

130

لاہور۔11مارچ (اے پی پی):ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) کے درمیان بارش کے پانی کے موثرانتظام کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے ۔ اس اقدام کا مقصد تاریخی ورثے اور شہری آبادی کو پانی کے بے قابو بہاو سے لاحق خطرات سے محفوظ رکھنا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس معاہدہ کے تحت دونوں ادارے پائیدار نکاسی آب کے نظام، زیر زمین پانی کے ذخائر کو بحال کرنے اور سیلاب کی روک تھام کے اقدامات متعارف کرائیں گے تاکہ شہر کے ثقافتی ورثے کی حفاظت کی جا سکے۔ مزید برآں، اس اشتراک میں پانی کے تحفظ اور ماحول دوست طرز عمل کے متعلق کمیونٹی آگاہی پروگرام شامل ہوں گے۔ پانی، صفائی اور حفظان صحت ساتھ ہی ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچاوکے لیے حکومتی پالیسیوں میں بہتری کے لیے سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔

اس موقع پر والڈ سٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا کہ والڈ سٹی آف لاہور محض تاریخی عمارتوں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک زندہ ثقافتی ورثہ ہے، جسے ماحولیاتی چیلنجز سے محفوظ رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف-پاکستان کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے، ہم پائیدار پانی کے انتظام کی طرف ایک اہم قدم بڑھا رہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط اور محفوظ ثقافتی ورثہ منتقل کر سکیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف،پاکستان اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی طریقوں پر مبنی حل اپنانے سے شہری مضبوطی اور ماحولیاتی مطابقت کو فروغ ملے گا۔ اس منصوبے کے ذریعے لاہور کے ثقافتی ورثے کا تحفظ، پانی کے وسائل کی حفاظت اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر ممکن ہوگی۔