لاہور۔13مارچ (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ کے بعد ہندوستان میں جشن منایا گیا، بھارت اور وہ طاقتیں جنہوں نے یہ کام کروایا سب واضح ہو گیا ہے، جو لوگ اس سانحہ میں ملوث ہیں وہ انسان کہلاوانے کے بھی حقدار نہیں ،ان لوگوں کا اسلام، مذہب اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں،15مارچ کو ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت منایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جامعہ منظور اسلامیہ کینٹ میں علما و مشائخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور ملکی سلامتی کے ضامن اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس میں بے گناہ اور معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے اداروں نے اپنی مہارت سےپاکستان کو بہت بڑے نقصان سے بچا لیا ۔انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملہ نائن الیون طرز کا تھا، پاک افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے اس حملے کو ناکام بنایا ہے، اس سانحہ پر سوشل میڈیا کو استعمال کر کے ملک میں فساد پیدا کرنے کی نا کام کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ملک کے اندر تفریق پیدا کر کے دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان اور کے پی کے میں انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطینیوں کو اس وقت سحر و افطار اورپینے کا صاف پانی میسر نہیں ،پاکستان علما کونسل نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ فلسطینی عوام کی بھرپور امداد کریں اور ان تک اشیائے خورد و نوش پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے بھی اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے فلسطینی عوام کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما،مشائخ عظام اور خطبا سے گزارش ہے کہ نماز جمعہ کے خطبات میں توہین رسالت و مذہب کے مجرمین کے تحفظ کیلئے کوشاں عناصر کے خلاف قرار دادیں منظور کریں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572111