اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں افسران اور سٹاف کی ترقیاں و تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں، جس کا مقصد اوگرا کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور فیلڈ انفورسمنٹ کو مضبوط بنانا ہے۔ ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترقی پانے والے افسران میں ٹیکنیکل، لیگل، فنانس، آئی ٹی اور جنرل کیڈر کے افسران اور سٹاف شامل ہے۔ اوگرا افسران میں جہانزیب انور، عزیز اللہ کاکڑ، حماد پیرزادہ، حسیب اختر اور سلمان احمد شامل ہیں، کو بالترتیب پشاور، ملتان، لاہور، سکھر اور کوئٹہ میں بطور ریجنل ہیڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں کراچی، لاہور، سکھر، کوئٹہ، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں اوگرا کے تجربہ کار اور سینئر افسران کو ریجنل ہیڈ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیوں سے صارفین کو تیل، گیس اور ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی، سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد اور احتیاطی تدابیر کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکےگا، اوگرا میں افسران اور اسٹاف کی حالیہ ترقیوں اور تقرریوں سے ملک بھر میں صوبائی اور ضلعی انتظامیہ سے روابط مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی تعاون کے ذریعے حفاظتی اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے، اوگرا مستقبل میں بھی ایسے مثبت اقدامات اور فیصلے جاری رکھے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572453