14.6 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 14, 2025
ہومقومی خبریںآبادی پر قومی ایکشن پلان کا کامیابی سے نفاذ ناگزیر ہے، قائمقام...

آبادی پر قومی ایکشن پلان کا کامیابی سے نفاذ ناگزیر ہے، قائمقام صدر مملکت سیّد یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):قائمقام صدر مملکت سیّد یوسف رضا گیلانی نے آبادی میں خطرناک حد تک اضافے کے موثر انتظام کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی پر قومی ایکشن پلان کا کامیابی سے نفاذ ناگزیر ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق قائمقام صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں آبادی کے انتظام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس سپریم کورٹ کے 2018ء کے سوموٹو ایکشن اور مشترکہ مفادات کونسل کی سفارشات کے پس منظر میں ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت صحت، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ونگ اور وزارت صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ قائمقام صدر مملکت نے کہا کہ آبادی کے چیلنج بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں اور نجی شعبے سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

- Advertisement -

سیّد یوسف رضا گیلانی نے آبادی میں اضافے کی شرح کم کرنے اور آبادی کے دیگر متعلقہ اشاریوں کو بہتر بنانے سمیت خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات تک لوگوں کی رسائی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی کنٹرول کرنے کیلئے مربوط اور اجتماعی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے صوبوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ قائمقام صدر مملکت نے کہا کہ آبادی پر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت صوبائی حکومتوں کی مشاورت ضروری ہے۔

اجلاس میں قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی کو آبادی کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2019ء سے 2024ء تک آبادی کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا گیا جبکہ 2025ء سے 2030ء تک آبادی کے حوالے سے نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان صوبوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ نیا منصوبہ منظوری کا منتظر ہے اور اس پر آبادی سے متعلق وفاقی ٹاسک فورس کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572527

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں