امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کی ملاقات

120
امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کی ملاقات

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کا نیول چیف نے استقبال کیا۔

اس موقع پر معزز مہمان کا پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف بھی کرایا گیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تربیت اور سکیورٹی سمیت عسکری تعاون کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

معزز مہمان نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔معززین نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

پاکستان اور بحرین کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں اور دونو ں ممالک کی بحری افوج بھی بحری معاملات بالخصوص ٹریننگ کے شعبے میں دوطرفہ قریبی تعلقات رکھتی ہیں۔کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک بالخصوص مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔