کوئٹہ۔ 14 مارچ (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہےکہ آجکل کے تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگار کے باعث جس کرب سے گزر رہے ہیں ہمیں اس کا خوب احساس ہے، اس سے نمٹنے کیلئے ہم سرکاری ملازمتوں کے نہ صرف نئے مواقع پیدا کریں گے ،بلکہ کسی کو پیسے دئیے بغیر مستحق نوجوانوں کیلئے خالص میرٹ پر مبنی ملازمت کے طریقوں کو بھی یقینی بنائیں گے تاکہ آئندہ امیدواروں کا انتخاب خالص ان کی مہارت اور قابلیت کی بنیاد پر ممکن ہو سکے، ہمارا مقصد اچھی طرز حکمرانی اور شفاف جاب مارکیٹ کو یقینی بنانا ہے جہاں ٹیلنٹ اور محنت کی قدر سب سے بڑھ کر ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے موجودہ اور سابق پارلیمنٹرین رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ ظفراللہ زہری، سابق وزیر مجیب الرحمن محمد اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مجید خان اچکزئی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تمام اداروں کی ساکھ کی بحالی اور اداروں کے سربراہان پر عوام کا اعتماد مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس کیلئے تمام چھوٹے بڑے اداروں میں احساس ذمہ داری، شفافیت اور خوداحتسابی کی سچی بنیادوں کو یقینی بنا کر ہی ان کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572762