14.9 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب اسمبلی اجلاس ،جعفر ایکسپریس پردہشتگردی واقعہ کیخلاف کامیاب آپریشن پر پاک...

پنجاب اسمبلی اجلاس ،جعفر ایکسپریس پردہشتگردی واقعہ کیخلاف کامیاب آپریشن پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ وسہولت بازار اتھارٹی سمیت پانچ مسودات قوانین بھی منظور

- Advertisement -

لاہور۔14مارچ (اے پی پی):پنجاب اسمبلی نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردی کے ہولناک واقعہ کے خلاف اور کامیاب آپریشن پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ، اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اورسہولت بازار اتھارٹی سمیت پانچ مسودات قوانین منظور جبکہ اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں ،اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ جس تحریک التوائے کار کا جواب ہوگا متعلقہ وزیر یا پارلیمانی سیکرٹری اجلاس کے دوران غیر حاضر نہیں ہوگا جبکہ اسپیکر نے سابقہ 180تحاریک التوائے کار کو قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں جمعرات کے روز بیجنگ انڈر پاس میں پیش آنے والے واقعہ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نے افسوسناک قرار دیا اورکہا کہ ڈالہ اور گارڈز والے کلچر کا خاتمہ کرنا ہوگا،ایک غیر ملکی وفد کے ساتھ موجود گارڈز نے کھلے عام شہری کو مارا اور فائر کھول دیا،گن والا کلچر عوام کی نفرت کا باعث بن رہا ہے ،شہری سہمے ہوئے ہیں،چار ،چار، چھ ،چھ لوگ گاڑیوں میں بیٹھے ہیں ،اس پروٹوکول کی کیا ضرورت ہے ۔اسپیکر نے مزید کہا کہ کچے میں ڈاکوئوں کے معاملہ پر آئی جی پنجاب سے بات کی ہے،اس علاقے میں ترقیاتی کام ، کالجز ،لوگوں کو نوکریاں ،بڑی سرمایہ کاری کرنا ہو گی وگرنہ یہ جرائم سلگتے رہیں گے ،امن و امان کے لئے پولیس قربانیاں دے رہی ہے۔

- Advertisement -

اسپیکر نے کہا کہ کابینہ نے محکمہ بہبود آبادی کا محکمہ ختم کرکے اسے محکمہ صحت میں ضم کردیا ہے، اس کے سوالات آئندہ نشست میں لیں گے ۔اپوزیشن رکن و چیف وہپ رانا شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودہ کروڑ روپے جھاڑو ئوں کی مد میں لئے گئے ہیں، ایسا نہ ہو کل کیسز کھل جائیں ،ہماری تحصیل میں صفائی تب ہوتی ہے جب آندھی آتی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ستر سال بعد دیہاتوں کی سنی گئی ہے۔

چیئر نے کہا کہ اگر ایوان کا بزنس روک کرتحریک التوائے کار پر عملدرآمد کرنا ہے تو اہم عوامی مسئلہ ایوان میں لائیں، جو ارکان کابینہ کا حصہ ہیں وہ ایوان میں زیر بحث ایشوز میں دلچسپی نہیں دکھاتے، وزیر قانون اور وزیر پارلیمانی امور ایوان کی کارروائی میں دلچسپی لیں، روایات کی حفاظت کی جائے،چار سو تحاریک التوائے کار کے جوابات آ چکے ہیں جن ارکان کا بزنس ہے تمام اراکین کو تحریک التوائے کار کی کاپی پوسٹل سروس سے بھیجی جائے گی،ایک سو اسی تحاریک کے جوابات وزرا نے آٹھ ماہ سے ایک سال تک نہیں دیئے ،یہ غیر مناسب رویہ ہے ،اگر توجہ نہ دی گئی تو حکومت کو شرمندگی ہوگی،آئندہ قائمہ کمیٹی میں تحاریک التوائے کار کو بھی بھیجا جائے گا جہاں وزیر جوابدہ ہوں گے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے رولنگ دی کہ جس تحریک التوائے کار کا جواب ہوگا تو متعلقہ وزیر یا پارلیمانی سیکرٹری اجلاس کے دوران غیر حاضر نہیں ہوگا۔اجلاس میں وزیر قانون نے تحریک التوائے کار کے جوابات ڈیجیٹل طریقے سے دینے کی تجویز دیدی اور کہا کہ وٹس ایپ بناکر متعلقہ وزیر سے تحریک التوا کا جواب مانگ لیں، اس کے لئے وزرا کا وٹس ایپ گروپ بنائیں ۔اسپیکر نے کہا کہ سارے بزنس کو قانون کے مطابق ہائوس میں نہیں آنا پڑتا تو ڈیجیٹل طریقے سے وزراتک پہنچ جائے۔سمیع اللہ خان نے کہا کہ وزرا ڈیجیٹلائز نہیں ہیں تو ان کی ٹریننگ کریں،اگر کوئی محکمہ اپنی نااہلی سے تحریک التوائے کار جواب نہیں دیتا تو تجویز ہے مقررہ وقت کے بعد اسے قائمہ کمیٹی میں بھیجا جائے۔ا سپیکر نے سابقہ 180تحاریک التوائے کار کو قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا ۔

قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا کہ پارلیمانی امور کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ متعلقہ وزیر تیاری کرکے آئیں،چار سو تحریک التوائے کار میں سے ایک سو اسی کاجواب ہی نہیں آیا۔ ا سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے وزرا اپنا اپنا کردار ادا کریں،ماضی میں بھی ایم پی ایز کے مسائل حل ہوتے رہے۔ اجلاس میں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردی کے ہولناک واقعہ کے خلاف اور کامیاب آپریشن پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔

اجلاس حکومتی رکن اسمبلی عظمی کاردار نے پیش کی جس کے متن میں کہا گیا کہ قوم اپنے اداروں کے پیچھے کھڑی ہے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے ، آخری سانس تک اس کی حفاظت کریں گے، جعفر ایکسپریس پر ہولناک حملہ کے خلاف آپریشن میں پاکستان کی بہادر افواج پاک آرمی ، ایئر فورس ، ایف سی اور ایس ایس جی کے جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم یکجا اور شدید صدمہ میں شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتی ہے ۔

یہ ایوان ایف سی کے چار جوانوں کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتا ہے، شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔پنجاب اسمبلی میں سرکاری کارروائی کے دوران مسودہ قانون پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ 2025 ، مسودہ قانون سہولت بازار اتھارٹی 2025 ،مسودہ قانون ترمیمی بل صوبائی موٹر گاڑیاں 2025 ،مسودہ قانون ترمیم نوٹریز 2025 اورمسودہ قانون فرانزک سائنس اتھارٹی 2025کثرت رائے سے منظور کرلئے۔

تمام مسودات قوانین وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمن نے پیش کئے جبکہ اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں ۔ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے وزیر پارلیمانی امور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حکومت ہیں آپ کو دل بڑا کرنا ہوگا،اگر حکومت کی جانب سے دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتا ہوں اور ڈپٹی اسپیکر نے وزیر پارلیمانی امور کے الفاظ کارروائی سے حذف کرا دیئے۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572773

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں