26 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومقومی خبریںمشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ کی فیصل آباد میں شہید مزمل...

مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ کی فیصل آباد میں شہید مزمل کے گھر آمد،اہل خانہ سےاظہارتعزیت

- Advertisement -

فیصل آباد 16 مارچ (اے پی پی):مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان جعفر ایکسپریس میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوان مزمل شہید کے گھر پہنچے۔ انہوں نے چک نمبر 29 ج ب جنوبی امین پور بنگلہ روڈ فیصل آباد میں شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت و افسوس کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وہ شہید مزمل کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 سالہ مزمل نے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کی، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو انتہائی قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین و ایمان نہیں ہوتا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بے گناہ مسافروں کو شہید کرنا درندگی ہے اور دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے واقعات کا کوئی جواز نہیں پیش کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا نے وہی پروپیگنڈا کیا جو بھارتی میڈیا کر رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کا ہاتھ ہے جو دہشت گردوں کو فنڈنگ اور اسلحہ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں افغانستان کے عوام کی مدد کی لیکن موجودہ افغان حکومت دہشت گردوں کو سہولت دے رہی ہے تاہم افغان عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے جعفر ایکسپریس حملے کے بعد بھارتی میڈیا کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے بھارتی میڈیا اور ایک مخصوص سیاسی جماعت کو اس حملے کا پہلے سے علم تھا تاہم پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے چند گھنٹوں میں دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلوچستان میں کسی گرینڈ آپریشن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پہلے ہی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ جلد ہی تمام دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573289

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں