26 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومضلعی خبریںبلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا...

بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا،وزیر اعلی بلوچستان

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 16 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کانوائے پر دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز نے اس حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ دیگر کا تعاقب جاری ہے، تمام دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اپنے جاری بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ،ریاست اپنی پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے میدان میں موجود ہے اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

- Advertisement -

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اور جو عناصر بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں ان کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہم پرعزم ہیں کہ ہر قیمت پر امن قائم کریں گے اور دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے جائیں گے ۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان کسی بھی صورت دہشت گردوں کو معاف نہیں کرے گی ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، یہ جنگ ان کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں مزید تیز کریں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فورسز کو دیں تاکہ بلوچستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573304

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں