فیصل آباد میں انسداد ڈینگی مہم کے تحت انسدادی سر گرمیوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع

111

فیصل آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد عامر عزیز کی ہدایت پر تمام عمارتوں، دفاترمیں انسداد ڈینگی مہم کے تحت انسدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں سول لائن، ملت ٹاؤن، سمن آباد، ناظم آباد،علامہ اقبال کالونی، ملت ٹاؤن، غلام محمد آباد سب ڈویژنز، کلمہ والی ٹینکی او ایچ آر،واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ناولٹی پل، غلام محمد آباد ریونیو آفس سمیت دیگر دفاتر اور عمارتوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں مکمل کی گئیں جن میں چھتوں، برآمدوں، سیڑھیوں سمیت دیگر کھلی جگہوں سے پانی کا خاتمہ، صفائی ستھرائی اور کباڑ سامان کو ہٹانا سمیت دیگر شامل تھا۔اس حوالے سے ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم بارے خبردار کیا گیا تھا

کہ تمام دفاتر، عمارتوں، پانی کی ٹینکیوں سمیت دیگر میں انسداد ڈینگی کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جانا چاہیے اور متعلقہ افسران اچانک انسپکشن بھی کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اسی طرح یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ تمام تر انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی تصاویر بھی متعلقہ فورم پر شیئر کی جائیں تاکہ ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ویسٹ فرحان علی نے غلام محمد آباد سب ڈویژن میں ریونیو آفس کی چھت کا سرپرائز وزٹ کیا اور وہاں پر صفائی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا اور ان میں مزید بہتری لانے کی تاکید کی۔