بھکر۔ 17 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کلین آپریشن کے جائزہ کیلئے تحصیل دریا خان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دریا خان محبوب اقبال ہنجرا،ایم سی اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا کو کلین آپریشن کے حوالے سے فوری نوعیت کے اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے کاموں کی موثر مانیٹرنگ کے عمل کو تسلسل کیساتھ جاری رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے عملہ صفائی کیساتھ بھرپور تعاون کیا جائے جگہ جگہ کوڑا کرکٹ ہرگز نہ پھینکیں ،مخصوص ڈمپنگ سائٹس پر عملہ صفائی کے مقررہ ٹائم سے پہلے کوڑا ڈالیں تاکہ وہ بروقت کوڑا کرکٹ مخصوص پوائنٹس سے اٹھا لیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573617