سیالکوٹ۔19مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ بینگن کی پہلی فصل کیلئے پنیری کی کھیت میں منتقلی اپریل سے شروع کر دیں۔بینگن کی فصل جون سے ستمبر تک پیداوار دیتی ہے جبکہ دوسری فصل کیلئے نرسری جون کے آخر میں بوئی جاتی ہے اور اس کی کھیتوں میں منتقلی جولائی اگست میں کی جاتی ہے۔
ایگری کلچر آفیسر مرکز صدر حمیرا یونس نے بتایا کہ اس موسم میں عام طور پر بینگن کی گول اقسام کاشت کی جاتی ہیں اور یہ فصل ستمبر سے دسمبر تک اچھی پیداوار دیتی ہے اور اگراس فصل کو سردیوں میں کہر سے بچا لیا جائے تو فروری مارچ میں اس سے دوبارہ پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے جبکہ تیسری فصل کیلئے پنیری کی بوائی نومبر کے شروع میں کی جاتی ہے اور وسط فروری میں جب کہر کا خطرہ نہ رہے تو پودے کھیت میں منتقل کر دیئے جاتے ہیں۔
انہوں نےکہاکہ اس فصل کو سردی کے مہلک اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے پلاسٹک ٹنل میں لگانا چاہیے یا پھر شمال کی جانب سرکنڈے کی سرکیاں لگا دی جائیں ورنہ پودے کہر یا سردی کی وجہ سے نرسری میں ہی مر جاتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574184