اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، جس میں 10 دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے آپریشن کے دوران کیپٹن حسنین اختر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حسنین اختر نے اپنے خون سے ملک کی حفاظت کی ایک نئی داستان رقم کی ہے، اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ برسرِ پیکار ہیں اور قوم کو اپنے ان جری محافظوں پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔