اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں گلیشئرز کے تحفظ کا پہلا عالمی دن 21 مارچ کو منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصددنیا بھر میں2 ارب سے زائد افراد کے لئے پانی کے اہم ذرائع کو بچانے کے لئے لوگوں میں اتحاد بارے شعور اجاگر کرنا ہے ۔
گلیشئرز کے تحفظ کے پہلے عالمی دن کی مناسبت سے سرکاری، غیر سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ مختلف تقریبات میں عالمی سطح پر درجہ حرارت میں اضافہ اور گلیشئرز کی اہمیت کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ماحولیاتی بحران کے باعث رواں سال کو گلیشئرز کے تحفظ کا عالمی سال قرار دیا اورگلیشئرز کے تحفظ کا عالمی دن ہر سال 21مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا ،
جس کے نتیجہ میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں گلیشئرز کے تحفظ کا پہلا عالمی دن 21 مارچ کو منایا گیا۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے سبب پاکستان میں موجود گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں اور 2050 تک پاکستان بیشتر گلشیئرز سے محروم ہونے اور ملک میں پانی کی قلت کے مسائل میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575031