یوم پاکستان پر پاکستانی سوشل میڈیا پر حب الوطنی کے پیغامات شیئر کئے جاتے رہے

131
یوم پاکستان پر پاکستانی سوشل میڈیا پر حب الوطنی کے پیغامات شیئر کئے جاتے رہے

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):یوم پاکستان کے موقع پر اتوار 23 مارچ 2025 کو پاکستانی سوشل میڈیا پر حب الوطنی کے پیغامات شیئر کئے جاتے رہے۔ ملک بھر میں 85 ویں یوم پاکستان کی تقریبات میں حب الوطنی اور قومی فخر کا زبردست مظاہرہ دیکھنے میں آیا، سیاست دانوں اور مشہور شخصیات سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا کے علاوہ یوم پاکستان کی تقریبات کو پورے ملک میں بھر پور ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ پی ٹی وی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشن کی صورتحال تھی اور اہم سرکاری عمارتوں اور یادگاروں پر قومی پرچم لہرائے گئے ۔ رپورٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی فوٹیجز بھی شامل تھیں جن میں طلباء، سیاستدان اور عام شہری شامل تھے جو حب الوطنی اور ملک سے محبت کے اظہار کرنے کے لیے ریلیوں اور تقریبات میں شریک تھے۔

ایک صارف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں ہے، یہ ہمارے آباؤ اجداد کا ایک خواب ہے۔ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ "آئیے پاکستان کو ایک خوشحال اور پرامن قوم بنانے کے لیے مل کر کام کریں‘‘۔ ٹوئٹر پر یوم پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے عنوانات ٹرینڈ کر رہے تھے، صارفین حب الوطنی کے پیغامات اور گانے شیئر کرتے رہے ۔

ایک مشہور انسٹاگرام پوسٹ کا کمنٹس سیکشن بھی حب الوطنی اور قومیت کے پیغامات سے بھرا ہوا تھا۔ ایک صارف نے لکھا کہ میرے تمام ہم وطنوں کو یوم پاکستان مبارک ہو،آئیے ہم اپنی آزادی اور آزادی کا جشن محبت اور اتحاد کے ساتھ منائیں۔ یوٹیوب پر حب الوطنی کے گیت اور قومی ترانے ٹرینڈ کر تےرہے ، صارفین اپنی پسندیدہ ویڈیوز اور پلے لسٹ شیئر کر تے رہے ۔

یوم پاکستان کی تقریبات میں سیاستدانوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر خصوصی پیغامات کا اشتراک اور قوم کو دلی مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔

مزید برآں سیاست دانوں نےبھی حب الوطنی اور قومی فخر کے اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔ انہوں نے اس موقع کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو اتحاد کی اہمیت اور ملک کے لئے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلانے کے لیے پیغامات، پوسٹس اور قومی گیتوں کا اشتراک کیا۔

کچھ سیاست دانوں نے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور قومی فخر کو فروغ دینے کے لیے قومی ہیروز جیسے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے متاثر کن اقتباسات بھی شیئر کیے ۔