وفاقی وزیر برائے پٹرولیم سے اٹلی کی سفیر کی ملاقات، تیل و گیس سمیت توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

99
Italian Ambassador meets
Italian Ambassador meets

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلن نے ملاقات کی، ملاقات میں تیل اور گیس سمیت توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزارت پٹرولیم میں ملاقات کے دوران پاکستان اور اٹلی نے توانائی کی تلاش، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو بڑھانے پر مفصل گفتگو کی گئی۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نےس توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں اٹلی کی مہارت کو سراہا اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے پرامیدی کا اظہار کیا۔ علی پرویز ملک نے اطالوی توانائی کمپنیوں کو آئندہ ماہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (PMIF’25) میں شرکت کی بھی دعوت دی۔

اطالوی سفیر نے پاکستان کے توانائی شعبے کو سپورٹ فراہم کرنے میں اٹلی کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے توانائی کی پیداوار میں جدت اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے مضبوط شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے توانائی کے شعبوں میں باہمی فائدے کے لیے تعاون کے نئے راستوں کو تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔