ضلع راولپنڈی سے منشیات فروشوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا،سی پی او سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ

100
Syed Khalid Hamdani
Syed Khalid Hamdani

راولپنڈی ۔3اپریل (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع راولپنڈی سے منشیات فروشوں کا خاتمہ کیا جائے گا،دو سال کے عرصہ میں 450 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے سزائیں دلوانا راولپنڈی پولیس کی بڑی کامیابی ہے مگر منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے مزید کام کیا جائے گا۔یہ بات سی پی او نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس پی سکیورٹی، ایس پی سی آئی اے، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈائون ہوگا ۔سی پی او نے خالد ہمدانی نے کہا کہ منشیات کے خلاف پنجاب بھر میں راولپنڈی پولیس کی کارکردگی سب سے بہتر ہے،گزشتہ دو سال کے دوران بڑے منشیات فروشوں کو پابند سلاسل کیا گیا اور 450 بڑے منشیات فروش جیل میں 10 سے 20 سال تک کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ رواں سال بھی 30 سے زائد بڑے منشیات فروشوں کو عدالتوں سے سزا سنائی گئیں،منشیات فروشوں کے ساتھ ساتھ سپلائی لائن پر بھی کام کیا جائے،منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

سید خالد ہمدانی نے کہا کہ سول سوسائٹی، معاشرہ کے تمام طبقات خصوصاً والدین کی مدد سے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے،تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے، منشیات کے خلاف ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا آغاز کیا جا رہا ہے، بس اڈوں، ہوٹل، سرائے اور ہاسٹلز میں سرچ آپریشنز کئے جائیں گے،جن گھروں سے منشیات فروشی کی شکایت ملی ،منشیات فروش کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ ان گھروں کو سیل کرنے کی کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے پاک معاشرہ فراہم کریں گے۔