لاہور۔8اپریل (اے پی پی):سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس خدمت مراکز، ٹریفک لائسنسنگ اینڈ ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز اور سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکولز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشاد، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ایس ایس پی ٹریفک، اے آئی جی فنانس، اے آئی جی ایڈمن، ڈائریکٹر آڈٹ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل امجد، آرپی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف خان اور متعلقہ ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔آئی جی نے پولیس سروسز فراہم کرنے والے تمام مراکز پر سہولیات بہتر بنانے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پولیس سروسز سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے لیے خدمات کا معیار مزید بہتر بنائیں، ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز اور ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز کی اپ گریڈیشن کے اقدامات کیے جائیں، پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شہریوں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے اقدامات عمل میں لائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سپیشل انشیٹو پولیس سٹیشنز کے بنیادی پروٹوکولز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے،شہدا ئے پولیس کے بچوں، تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات، مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو خدمت مراکز کے وزٹ کروائے جائیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سمارٹ پولیس سٹیشنز اور سیف سٹیز پراجیکٹس مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں، فورس، شہدا ئے پولیس کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کےلئے ویلفیئر پراجیکٹس کا دائرہ کار بڑھایا جائے، آر پی او، ڈی پی اوز پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنسنگ اینڈ ٹریننگ سینٹرز، سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کی باقاعدگی سے انسپکشن کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579419